اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کوچیئرمین آصف علی زرداری کی مبینہ اہلیہ کے نام سے شہرت پانے والی ڈاکٹر تنویر زمانی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کا مجھ سے کیا رشتہ ہے وہ باخوبی جانتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاست میں نابالغ ہیں۔ بھٹو خاندان کے اصل وارث سجاول ہونگے اور وہ انکے ساتھ سیاست میں آئیں گی۔ سیاست میں آصف علی زرداری ان کے استاد ہیں۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری میں کئی قدریں مشترک ہیں۔سندھ کو بھتہ خوروں، دہشت گردوں، قبضہ مافیا ، ٹارگٹ کلرز سے پاک کرنے کے لئے رینجرز کو مکمل اختیارات دینا ضروری ہیں۔ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حق میں ہوں۔ ڈاکٹر تنویر زمانی نے اپنے ایک انٹر ویو میں کہا کہ آصف علی زرداری اور مجھ میں کیا رشتہ ہے میں اوروہ جانتے ہیں۔ پیپلز پارٹی ہی ملک کی سب سے بڑی عوامی پارٹی ہے، تھی اور رہے گی۔ پارٹی میں جان ڈالنا بلال بھٹو زرداری کے بس کی بات نہیں۔ پارٹی کی کھوئی ہوئی طاقت سجاول بھٹو واپس دلائیں گے۔ سجاول بھٹو کون ہے اس کے بارے آصف علی زرداری باخوبی آگاہ ہیں۔ بے نظیر بھٹو کی ” جگہ“ لینے ”پاکستان“ نہیں آئی، ڈاکٹر تنویر زمانی نے کہا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو میں جو اختلافات ہیں اس کا باعث میں نہیں ہوں دونوں میں اختلافات ختم نہ ہوئے تو میں اس کے ساتھ کھڑی ہونگی جس کے ساتھ میرا بیٹا سجاول کھڑا ہو گا۔ بلاول بھٹو میرے بیٹے کی طرح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کو ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھنا ہو گا۔ ڈاکٹر تنویر زمانی نے کہا کہ میں ایک بات کلیئر کردینا چاہتی ہوں کہ میر مرتضیٰ بھٹو کے قتل میں آصف علی زرداری کا ہاتھ ہے نہ وہ اس میں ملوث ہیں۔ بی بی کے قتل میں بھی آصف علی زرداری ملوث ہیں نہ انہیں پتہ ہے۔ اس وقت پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ داعش اور طالبان سے ہے۔ طالبات کے خلاف آپریشن کا فیصلہ آصف علی زرداری نے کیا تھا اور اس کی منظوری بھی دی۔ نیشنل ایکشن پلان بھی ان کے دور میں بنایا گیا مگر بدقسمتی سے اس پر عمل درآمد کرانے کا کریڈٹ حکومت کو نہیں آرمی چیف کو جاتا ہے۔ جنرل راحیل شریف کی گرانقدر خدمات پر ان کی مدت ملازمت میں توسیع ضروری ہے۔ اگر توسیع نہ دی گئی تو دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ اگر آپریشن پایہ تکمیل تک نہ پہنچا تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ تسلیم کرتی ہوں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سے مسلم لیگ ن کی حکومت بہتر ہے۔ پیپلز پارٹی کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات کی ضرورت ہے جو ” سجاول“ کرے گا۔ سجاول کون ہے اور اس کا باپ کون ہے یہ آصف علی زرداری سب جانتے ہیں۔ میں ان کی بیوی ہوں یا نہیں، مگر یہ طے ہے کہ میرا اور ان کا کیا رشتہ ہے، وہ باخوبی جانتے ہیں۔ ان سے آخری ملاقات کب ہوئی اس کے بارے نہیں بتا سکتی۔ سندھ حکومت نے رینجرز کو مکمل اختیارات نہ دے کر گھاٹے کا سودا کیا ہے اور اس کے نتائج بہت جلد سامنے آئیں گے۔ ایسا نہ ہو کہ سندھ کے ساتھ ساتھ پورے ملک کی جمہوریت کا بوریا بستر گول نہ کردیا جائے