اسلام آباد (آئی این پی ) وزارت داخلہ نے آزاد کشمیر کو مثالی امن و امان اور دہشت گردی سے پاک خطہ قراردیدیا۔ وزارت داخلہ نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے چاروں صوبوں ، جی بی اور فاٹا میں آزاد کشمیر واحد انتظامی یونٹ ہے جہاں2015میں دہشت گردی کا ایک بھی واقع رونما نہیں ہوا۔ ہفتہ کو وزارت داخلہ کی طرف سے وزیر اعظم آفس کو بھیجوائی گئی ایک رپورٹ میں آزاد کشمیر کے مثالی امن و امان اور دہشت گردی فری علاقہ ہو نے کا تعریفی انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پنجاب ،سندھ ، بلوچستان ، کے پی ، جی بی اور وفاقی دارالحکومت سمیت تمام انتظامی یونٹوں میں رواں سال دہشت گردی کی وارداتوں اور واقعات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے تا ہم آزاد کشمیر میں اس سال سرے سے دہشت گردی کا واقع رونما نہیں ہوا۔ رپورٹ کے مطابق رواں برس پنجاب میں دہشتگردی کے 24، سندھ میں 28، کے پی میں 193، بلوچستان میں 191، فاٹا میں 670،جی بی میں 6اور اسلام آباد میں 1واقع ہوا جن میں مجموعی طور پر 637دہشتگردمارے گئے اور 710پکڑے گئے۔