لاہور(نیوز ڈیسک)پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب محمد اسلم خان نیازی نے کہا ہے کہ محکمہ ڈاک کے بینک آف پنجاب ،ایچی سن کالج اور فیصل آباد میں سوئی ناردرن گیس کیساتھ معاہدوں سے ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، اکتوبرمیں ہمارے ریونیو میں32 فیصد اور نومبر میں 36 فیصد اضافہ ہوا ہے،پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں گھروں سے ڈائریکٹ ڈاک اٹھانے کی نئی سروس بھی بہت جلد شروع کردی جائیگی جو پرائیویٹ کوریئر کمپنیوں کے مقابلہ میں بہتر ین سروس ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں پوسٹ آفس کی نئی سروس” سیم ڈے ڈیلیوری“ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل آپریشنل معظم منصور‘ ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل ایڈمن فوزیہ سلطان‘ پراجیکٹ ڈائریکٹر” سیم ڈے ڈیلیوری“ عابد محمود کے علاوہ محکمہ ڈاک کے افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔ محمد اسلم خان نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ اب سپیڈ بھی ڈیمانڈ کر رہی ہے‘ خطوط و دیگر تحائف وغیرہ اندرون و بیرون ملک بھجوانے میں بھی تبدیلی کا تصور آگیا ہے اور اسی چیز کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی سروس ”سیم ڈے ڈیلیوری “کا آغاز کیا گیاہے جسے کامیابی کے بعد پنجاب کے دوسرے شہروں تک بھی پھیلا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہر بہت تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں‘ وہ گاو¿ں جہاں پہلے سبزیاں اگتی تھیں اب شہروں میں تبدیل ہو رہے ہیں جبکہ بڑے شہر مزید بڑھ رہے ہیں‘ ایسے میں عوام کو تعلیم و صحت کی بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ بہتر پوسٹل سروس کی بھی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں کوریئر کمپنیوں کی بھرمار ہے ‘لیکن ہم حکومت میں ہوتے ہوئے عوام کو ان کمپنیوں کے مقابلے میں بہتر سروس کیوں نہیں فراہم کرسکتے، اسی چیز کو دیکھتے ہوئے صوبہ کے پوسٹ آفس کے ٹائم بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ‘ قصور‘ اوکاڑہ اور فیصل آباد کے اضلاع میں مصطفی آباد‘ رینالہ خورد‘ دیپالپور‘ چک جھمرہ اور تاندلیانوالہ پوسٹ آفس میں سروس رات تک کر دی گئی ہے جبکہ دوسرے شہروں میں قائم پوسٹ آفس میں بھی ڈبل شفٹ کر دی جائیگی تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔ محمداسلم خان نیازی نے کہا کہ پنجاب بھر کے ڈاک خانوں میں عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اورانکی شکایات کے ازالہ کیلئے سیل بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں تمام مسائل کو فوری حل کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پوسٹ آفس کا مستقبل بہت اچھا ہے، افسران و ملازمین لوگوں کے ساتھ اپنا رویہ اچھا کریں اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کریں تاکہ ہمارا ملک اور پاکستان پوسٹ آفس ترقی کرے۔ پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب محمد اسلم خان نیازی نے کہا کہ مارکیٹ میں بہت سی کوریئر کمپنیاں ہیں لیکن ہم نے ان کمپنیوں کے مقابلے میں عوام کو بہتر سروس فراہم کرینگے جبکہ ان کمپنیوں کے مقابلے میں ہمارے ریٹس بھی کم ہونگے۔ ہم اپنی ”سیم ڈے ڈیلیوری“ سروس کی کامیابی کے بعد اسے صوبہ کے دیگر بڑے شہروں میں بھی پھیلا ئیں گے اور پھر ان شہروں کو آپس میں ملا دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ”سیم ڈے ڈیلیوری“ کے نام سے ہی یہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ جس دن اپنا آرڈر بک کروائیں گے اسی دن آپ کو اپنا آرڈر مل جائیگا اور ہم نے یہ قدم دوسری کوریئر کمپنیوں کو دیکھ کر نہیں اٹھایا‘ ہم سیونگ بلز‘ یوٹیلیٹی بلز وصول کر رہے ہیں جبکہ کوریئر کمپنیاں عوام کی اتنی خدمت نہیں کرسکتیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی پوسٹ ماسٹر جنرل آپریشنل معظم منصور نے کہا کہ سیم ڈے سروس عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا جسے پورا کردیا گیا ہے اور جلد پنجاب کے دوسرے شہروں تک بھی پھیلا دیا جائیگا۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر ”سیم ڈے ڈیلیوری“ عابد محمود نے کہا کہ ایک ماہ پہلے ہم نے اسی سروس کو رسمی طور پر شروع کیا تھاجس کا اچھا فیڈ بیک آنے کے بعد اس کا باقاعدہ افتتاح کیاگیا ہے جسے کامیابی کے بعد دوسرے شہروں تک پھیلا دیا جائیگا۔بعد ازاں پوسٹ ماسٹر جنرل سنٹرل پنجاب محمد اسلم خان نیازی نے پوسٹ آفس کی عمارت کے ہال نمبر 1 میں ”سیم ڈے ڈیلیوری“ سروس کا افتتاح کیا، ملکی ترقی و خوشحالی اور سروس کی کامیابی کیلئے دعا بھی کی گئی ۔