کراچی(نیوزڈیسک)رینجرز اختیارات کی قرارداد ، نوٹیفکیشن جاری نہ ہوا،سندھ حکومت کی نئے اقدام کی تیاریاں،محکمہ داخلہ سندھ نے رینجرز اختیارات اور ان کے قیام کی سمری تیار کر لی، سندھ اسمبلی کی قرارداد کی شرائط کو سمری کا حصہ بنا دیا گیا ہے، سمری منظوری کے لئے وزارت داخلہ کو ارسال کی جائے گی۔ سندھ اسمبلی میں رینجرز سے متعلق قرارداد کی شرائط کی روشنی میں محکمہ داخلہ سندھ نے سمری تیار کر لی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز کے قیام کے لئے آرٹیکل 147 کے ساتھ سندھ اسمبلی کی شرائط بھی منسلک کی گئیں ہیں، جبکہ رینجرز کو پولیس کے خصوصی اختیارات انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت دئیے جائیں گے۔ سمری تیاری کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی جائیگی اور وزیر اعلیٰ سندھ کی منظوری کے بعد وزارات داخلہ کو بھیجی جائی گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ کی منظوری کے بغیر رینجرز کے خصوصی اختیارات کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا جا سکتا۔ رینجرز اختیارات کے نوٹیفکیشن میں قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے تاخیر ہوسکتی ہے۔