اسلام آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اور پلاننگ کمیشن کے سربراہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ اگر 1965ء کی جنگ مسلط نہ کی جاتی تو آج پاکستان دوسرا جاپان ہوتا۔وفاقی وزیر نے پائیڈ کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ویژن 2025 ء سے پاکستان دنیا کے نقشے میں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی عدم استحکام کے باعث ملک ترقی نہیں کرسکا، 1960ء کا دور معاشی لحاظ سے بہت بہتر تھا۔انہوں نے کہا کہ سیاسی استحکام کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا، پاکستان معیشت میں ناکام نہیں بلکہ سیاسی معیشت میں فیل ہوا۔انہوں نے کہا کہ 67 سال کے بعد ملک کو ایسی حکومت ملی جس نے اپنی مدت پوری کی مارشل لا کے دور میں سماجی شعبہ تنزلی کا شکار ہوا، ہم گروتھ اور ڈویلپمنٹ کو اکٹھا کرنے میں ناکام رہے۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمیں ماضی کی غلطیوں سے سیکھنا ہو گا،اب وقت آ گیا ہے کہ اپنی حکمت عملیوں کو درست سمت دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی ترقی کے میدان میں لے جانے کے لئے طویل مدتی وژن کی ضرورت ہے، پانی،توانائی اور فوڈ سیکورٹی اس حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔