اسلام آباد (نیوزڈیسک )وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ موجودہ فوجی قیادت حکومتی کاموں میں بے جا مداخلت نہیں کر رہی۔ عدلیہ ہو میڈیا یا پھر فوج قومی اہداف کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں وزیر دفاع نے فوج کی حکومتی امور میں مداخلت کے تاثر کو بے بنیاد قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کہنے والوں کو آج کے دور کو ماضی کے سیاق و سباق میں رکھ کر دیکھنا چاہیے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ اختیارات کے حصول کیلئے کسی سے مقابلہ نہیں۔ ایک اور عام انتخابات اور اقتدار کی پرامن منتقلی کے بعد یہ افواہیں اور کھسر پھسر بند ہو جائے گی۔ عدلیہ ہو میڈیا یا پھر فوج قومی اہداف کے حصول میں کردار ادا کرنے والے تمام اداروں کا احترام کرتے ہیں۔ یہ بحث بھی نہیں کہ کون زیادہ حصہ ڈال رہا ہے بلکہ اصل بات یہ ہے کہ سب ملکر کیا حاصل کر رہے ہیں۔ کام کرنیوالوں نے خاکی وردی پہنی ہے یا شلوار قمیض اور سوٹ ٹائی اس چکر میں نہیں پڑنا چاہیے۔