پشاور(نیوزڈیسک)خیبرپختونخوا کابینہ نے نئی صنعتی پالیسی اور ڈاکٹروں کیلئے 3.3 ارب روپے کے مالی مراعات کے ایک پرکشش اور غیر معمولی پیکیج کی منظوری دے دی ہے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی صنعتی پالیسی پر عمل درآمد کیلئے خامیوں سے پاک جامع حکمت عملی فوری طور پر مرتب کریں اورپالیسی کے تسلسل کو قانونی تحفظ دینے کے لئے قانون کا مسودہ بھی جلد تیار کیا جائے انہوں نے کہاکہ پانچ ارب روپے کی لاگت سے صوبے کے تمام ضلعی ہسپتالوں میں عمارات ، مشینری، آلات و دیگر سہولیات کی فراہمی اعلیٰ معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے اور یقین ظاہر کیا کہ اضافی مالی مراعات کے پیکج کی منظوری سے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا جمعرات کو سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ دور دراز اضلاع سمیت صوبے کے تمام ہسپتالوں کو مساوی طور پر ترقی دے کر انہیں مریضوں کی حقیقی خدمت کے قابل بنایا جائے جس کے لئے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں ڈیوٹی پر راغب کرنے کیلئے ڈاکٹروں کے الاؤنس میں غیر معمولی اضافہ بھی کیا گیا ہے کابینہ کے اجلاس کے آغاز میں وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے قومی وطن پارٹی کی کابینہ میں شمولیت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اُمید ظاہر کی کہ قومی وطن پارٹی سمیت صوبے کی مخلوط حکومت صوبے کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کے مسائل حل کرنے کیلئے مل جل کر کام کرے گی کابینہ کے اجلاس میں تفصیلی غور کے بعد نئی صنعتی پالیسی اور ڈاکٹروں کیلئے مالی ترغیبات کے علاوہ خیبرپختونخوا آثار قدیمہ ایکٹ2015 ، ہسپتالوں میں تعینات ہو میوڈاکٹروں اور حکیموں کے ماتحت عارضی عملے کے 75 ارکان کو مستقل کرنے، بنوں شوگر ملز کی مشینری کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کرنے اور پشاور سپورٹس کمپلیکس میں اولمپک پلازہ کے اجارے کی مدت میں رعایت کی منظوری بھی دی گئی وزیراعلیٰ نے کابینہ سے اپنے خطاب میں محکمہ صنعت کو ہدایت کی کہ وہ صوبے میں مختلف مقامات پر سپیشل اکنامک زون قائم کرنے کیلئے جگہوں کی نشاندہی کرے اورپالیسی میں منظور کی گئی وہ سہولیات اور مراعات سمال انڈسٹریل اسٹیٹس سمیت صوبے کی تمام صنعتی بستیو ں میں بھی فراہم کرے جو اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے حوالے کی گئی چار صنعتی بستیوں کیلئے تجویز کی گئی ہیں اُنہوں نے تمام صنعتی بستیوں میں خستہ حال سڑکوں اور دیگر سہولیات کی اعلیٰ معیار کے مطابق بحالی کیلئے جامع منصوبہ تیار کرنے کی بھی ہدایت کی وزیراعلیٰ نے کہاکہ افرادی قوت کی زیادہ کھپت والی نئی صنعتوں کو ترجیح دی جائے گی کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت کی نئی صنعتی پالیسی کے تحت سرمایہ کاروں کو پرکشش اور تاریخی مراعات اور ترغیبات دینے کا واحد مقصدپائیدار صنعت کاری کے ذریعے بے روزگاری کو ختم کرنا ہے اُنہوں نے ہدایت کی کہ نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کیلئے انہیں فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے اقدامات بھی تیز کئے جائیں اور سالانہ 20 ہزار افراد کو مختلف شعبوں میں فنی تعلیم دینے کا جو ہدف مقرر کیا گیا تھا اسے ہر صورت میں پورا کیا جائے اُنہوں نے ہر صنعتی بستی میں کم ازکم ایک اعلیٰ معیار کا ٹیکنکل ٹریننگ سنٹر قائم کرنے کا بھی حکم دیا اور کابینہ کو بتایا کہ کوہاٹ میں ایک آئل ریفائنری بھی قائم کی جارہی ہے جس کیلئے متعلقہ شعبے میں ہنر مند افراد ی قوت کی ضرورت ہو گی وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر نئی صنعتیں لگانے کیلئے محکمہ صنعت کی جانب سے این او سی کی شرط کو بلا جواز قرار دیتے ہوئے کہاکہ این اوی سی کی شرط نہ صرف نئی صنعتی پالیسی سے متضاد ہو گی بلکہ یہ اس بارے میں کابینہ کے پہلے فیصلے کی بھی خلاف ورزی ہے اُنہوں نے کہاکہ کابینہ نے یہ فیصلہ بھی پہلے سے کررکھا ہے کہ صوبے کے اندر صنعتی مشینری کی منتقلی پر بھی کوئی پابندی نہیں ہو گی اسلئے بنوں شوگر ملز کو بھی مشینری ڈی آئی خان منتقل کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ موجودہ صوبائی حکومت سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کو پائیدار صنعتی ترقی کیلئے ہر ممکن سہولیات دینا چاہتی ہے ڈاکٹروں کے مراعاتی پیکج کے ضمن میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ اس پیکج کے بعد تمام ضلعی ہسپتالوں کے ڈاکٹروں کو صبح آٹھ بجے سے چار بجے تک ڈیوٹی کا پابند بنایا جائے اور اس کے بعد ہسپتال کے اندر ہی پرائیوٹ پریکٹس کی سہولت فراہم کی جائے جیسا کہ صوبے کے چار بڑے ٹیچنگ ہسپتالوں میں کیا گیا ہے ۔