لندن(نیوز ڈیسک)نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے ریپبلکن پارٹی کی جانب سے امریکی صدارتی ٹکٹ کے مضبوط امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے مسلمان کے خلاف متعصبانہ بیانات پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئیاس کے بیان کی مذمت کی ہے۔برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق طالبان کے حملے میں زخمی ہونے والی 18 سالہ ملالہ یوسفزئی نے گرانڈ اولڈ پارٹی (جی او پی) کے ’’ڈونلڈ ٹرمپ‘‘ پر تنقید کی ہے اور ٹرمپ کیمسلمانوں پر پابندی کے مشورے کو انصاف کے تقاضوں کے منافی قرار دیا ہے اور نفرت سے بھرپور شخصیت قرار دیا ہے۔ آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مسلمانوں پر پابندی کا بیان افسوسناک اور نفرت انگیز ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چند ایک دہشتگردوں کی وجہ سے تمام مسلمانوں پر پابندی لگانے کا مشورہ سراسر زیادتی ہے۔