کراچی (نیوزڈیسک)پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی کیلئے”باتھ روم“ سے کھانے پینے کا خاص بندوبست،نیوزایجنسی کے دعوے نے کھلبلی مچادی،این این آئی کے مطابق سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے اراکین کے لیے طعام کا خاص بندوبست ہوا۔ اس اہم اجلاس سے قبل اراکین اسمبلی نے خوب گلچھڑے اڑائے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ اسمبلی کے بدھ کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر پیپلز پارٹی کے اراکین اسمبلی کے لیے شاہانہ کھانوں کا انتظام کیاگیا تھا۔ کراچی کے ہلکے سرد موسم میں فرائی مرغ مسلم کا اہتمام ہوا۔ ایک طرف مچھلی تھی تو ساتھ ہی موجود تھے چکن تکے۔ شوقین افراد کے لیے بریانی بھی خاص طور پر تیار کی گئی تھی۔ کھانے کے بعد میٹھا تو لازم ہے اس لیے گاجر اور لوکی کا خاص حلوہ مینو میں شامل تھا۔کھانا تمام ہوا تو ہاضمے کے لیے کولڈ ڈرنک بھی فراہم کی گئی جبکہ جوس چائے اور کافی بھی مینو میں شامل تھی۔ اس تقریب کی خاص بات یہ تھی کہ کھانوں کو باتھ روم کے اسٹور روم میں رکھا گیا تھا تاکہ اسمبلی کے دیگر ملازمین کی پہنچ سے دور رہے۔