پشاور(نیوزڈیسک)”کپتان“ نے غصے پر قابو پانا سیکھ لیا،نئے عمران خان کے ردعمل نے سب کو لاجواب کردیا، اے پی ایس شہداءکی یاد میں خیبر پختونخواہ حکومت کی طرف سے پشاور آرکائیوز ہال میں تقریب کے دوران پاکستانیوں کو ایک نئے عمران خان سے سامنا کرنا پڑ گیا، وہی عمران خان جو اکثر پارٹی جلسوں اور میٹنگز میں کارکنوں کے احتجاج پر شدید غصے کا مظاہرہ کرتے نظر آتے تھے اے پی ایس کی تقریب میں ان کے ردعمل نے سب کو لاجواب کردیا،چیئرمینتحریک انصاف عمران خان خطاب کرنے کے لئے اسٹیج پر پہنچے تو شہید بچوں کے والدین پھٹ پڑے۔ شہداء کے والدین نے غم و غصے کا اظہار کیا تو عمران خان نے اپنا خطاب روک کر انھیں اسٹیج پر ہی بلا لیا۔ والدین نے عمران خان سے شکوہ کیا کہ انھوں نے ساڑھے چار ماہ دھرنا دیا لیکن تعزیت کے لئے آنا گوارا نہیں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ وہ مانتے ہیں کہ ان سے کوتاہی ہوئی ہے اور وہ ان غلطیوں کا مداوا کریں گے۔ والدین نے شکوہ کیا کہ انھیں لائبریری کی بوسیدہ عمارت کی ضرورت نہیں اگر شہید بچوں کے نام منسوب کرنا ہے تو پشاور یونورسٹی کو کیا جائے۔ والدین کو منانے کے بعد عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ ہری پورمیں آسٹریا کے تعاون سے ٹیکنالوجی یونیورسٹی بنائیں گے اور اسے شہداء کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ عمران خان نے والدین کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے تمام مطالبات پورے کئے جائیں گے۔