ملتان(نیوزڈیسک) لودھراں سے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 154 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار صدیق بلوچ کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔لاہور ہائی کورٹ ملتان سرکٹ کے لارجر بنچ نے صدیق بلوچ اثاثہ جات کیس کی سماعت کی جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدیق بلوچ کو الیکشن لڑنے کے لئے اہل قرار دے دیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں جانے کا عندیہ دیا ہے۔الیکشن ٹریبونل نے 3 دسمبر کو اثاثے جمع نہ کرانے پرصدیق بلوچ کو انتخابات میں حصہ لینے کے لئے نا اہل قرار دیا تھا جس کے خلاف انہوں نے درخواست دائر کی اورکیس کی سماعت کے لئے ملتان ڈویژن کا لارجر بنچ تشکیل دیا گیا تھا۔اس سے قبل الیکشن ٹریبونل نے انتخابات میں دھاندلی اور جعلی ڈگری کے الزام میں بھی صدیق بلوچ کو نا اہل قرار دیتے ہوئے الیکشن لڑنے پر تاحیات پابندی عائد کردی تھی تاہم سپریم کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی تاحیات الیکشن میں حصہ لینے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔