لاہور ( این این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے لاہور میں سیاحوں کے لئے مزید تین بسیں خریدنے کی منظوری دیدی ، محکمہ سیاحت کی جانب سے چینی کمپنی کو 3سیاحتی بسیں منگوانے کا آرڈر دیدیا گیا ، جون 2016ءتک پاکستان پہنچ جائیں گی ۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ساحت کی جانب سے لاہور کے تاریخی مقامات کی سیر کے لئے 2 سیاحتی بسیں چلائی گئی تھیں جس کی پذیرائی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو مزید تین سیاحتی بسیں خریدنے کے لئے سمری بھجوائی گئی تھی ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے محکمہ سیاحت کی جانب سے بھجوائی گئی سمری منظور کرتے ہوئے 12کروڑ روپے کے اضافی فنڈز کی بھی منظوری دیدی ہے ۔ جس کے بعد محکمہ سیاحت کی جانب سے چین کی والوو کمپنی کو مزید 3سیاحتی بسیں منگوانے کا آرڈر دے دیا گیا ۔ محکمہ سیاحت کے حکام کے مطابق 12کروڑ روپے کے فنڈز سے تین بسیں خریدنے کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم اور فورٹ روڈ پر 3نئے ٹرمینل بھی تعمیر کیے جائیں گے جہاں سیاحوں کے لئے شیڈ اور سٹنگ ایریا بنانے کے ساتھ دیگر سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی ۔ حکام کے مطابق مزید تین سیاحتی بسیں جون 2016ءتک پاکستان پہنچ جائیں گی جس کے بعد انہیں آپریشنل کر دیا جائیگا ۔