پشاور(نیوزڈیسک)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے قبائلی علاقوں کو صوبے میں شامل کرنے سے متعلق صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کی پالیسی واضح کرتے ہوئے کہاہے کہ ہم اس بات کے حامی ہیں کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فاٹا کے عوام کو ہی دیا جائے اور پی ٹی آئی فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے ضمن میں کوئی فیصلہ مسلط کرنے کے حق میں بالکل نہیں،اسلام آباد میں تعینات امریکہ کے سفیرڈیوڈ ہیل نے پیر کے روز وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا پشاور میں تعینات امریکی قونصل جنرل ولیم مارٹن اور امریکی سفارتخانے کے بعض اعلیٰ افسران بھی اُن کے ہمراہ تھے جبکہ خیبرپختونخوا کے وزیر تعلیم و توانائی محمد عاطف خان اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈاکٹر حماد آغا بھی اس موقع پر موجود تھے امریکی سفیر اور وزیراعلیٰ نے باہمی دلچسپی کے وسیع اُمور پر تفصیلی گفت و شنید کی جن میں پاک افغان تعلقات، دہشت گردی ، افغان مہاجرین ، قبائلی علاقوں کے مستقبل ، پاک افغان تجارتی تعلقات ، خیبرپختونخوا حکومت کا اصلاحاتی ایجنڈا ، تعلیم، پینے کے پانی، توانائی کے شعبے کی اصلاحات، بیروزگاری اور خیبرپختونخوا امریکہ کے تعاون سے جاری منصوبوں سے متعلق اُمور قابل ذکر ہیں امریکی سفیر سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہاکہ دہشت گردی سے متعلق پی ٹی آئی کی قیادت میں موجودہ خیبرپختونخوا حکومت کی پالیسی بالکل واضح ہے اور صوبائی حکومت صوبے میں دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بنائی گئی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے قبائلی علاقوں کو صوبے میں شامل کرنے سے متعلق صوبائی حکومت اور پی ٹی آئی کی پالیسی واضح کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہم اس بات کے حامی ہیں کہ فاٹا کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق فاٹا کے عوام کو ہی دیا جائے اور پی ٹی آئی فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے ضمن میں کوئی فیصلہ مسلط کرنے کے حق میں بالکل نہیں وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے میں افغان مہاجرین کی کثیر تعداد کی تقریباً چار عشروںسے موجودگی نے صوبے کی معیشت ، صحت کے شعبے ، امن و امان کی صورتحال اور سماجی ڈھانچے کو بری طرح متاثر کیا ہے کیونکہ یہ مہاجرین اپنے کیمپوں تک محدود نہیں ہیں اور وہ مشترکہ زبان ، روایات اور ثقافت کے باعث مقامی لوگوں کے ساتھ گھل مل گئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سوا دنیا کے کسی بھی ملک میںاتنے لمبے عرصے تک اتنی بڑی تعداد میں مہاجرین کو پناہ دینے کی مثال نہیں ملتی تعلیم کو روزگار کے ساتھ منسلک کرنے سے متعلق امریکی سفیر کے سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ نے کہاکہ بیروزگاری پاکستان کے دیگر حصوں کی طرح ہمارے صوبے کا بھی بہت بڑا مسئلہ ہے تاہم انہوں نے بتایا کہ موجودہ صوبائی حکومت نے صوبے کی تاریخ میں پہلی بار صنعتی شعبے کے پائیدار استحکام کے ذریعے بیروزگاری پر قابو پانے کی پالیسی مرتب کی ہے اور اس سلسلے میں اہم اقدامات کئے ہیں جن میں پائیدار صنعتکاری کیلئے سرمایہ کاروں کو پرکشش مراعات اور سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے جبکہ صنعتی بستیوںکے انتظامی اقدامات میں سرکاری شعبے کا عمل دخل ختم کردیا گیا ہے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ توانائی اور پینے کے صاف پانی کے شعبے بھی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور صوبائی حکومت اپنے دستیاب وسائل میں بجلی کی پیداوار کے 350 سے زائد منصوبے مکمل کر رہی ہے جو تکمیل کے بعد مقامی لوگوں کے حوالے کردیئے جائیں گے جبکہ آبی وسائل سے بجلی پیدا کرنے کے بڑے منصوبوں کیلئے نجی شعبے کو بیرونی سامایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت دی جارہی ہے دریں اثناءآسٹریلیا کی ہائی کمشنر مارگریٹ ایڈمسن نے بھی آج یہاں وزیراعلیٰ ہاﺅس پشاور میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک سے ملاقات کی اور اُن سے باہمی دلچسپی کے مختلف اُمور خصوصاً سیکورٹی صورتحال، قدرتی آفات ، گورننس ، توانائی ، پاک چائنا اکنامک کوریڈور، اختیارات کی منتقلی اور خواتین و بچوں سے متعلق اُمور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا آسٹریلین ہائی کمشنر نے گڈ گورننس اور شفاف نظام کے حوالے سے صوبائی حکومت کی اصلاحات کی تعریف کی اور صوبے میں توانائی کے بحران پر اپنی مدد آپ کے تحت قابو پانے کی حکمت عملی کو سراہاانہوں نے کہاکہ ترقیاتی اور خدماتی شعبے اور اسکے لئے مالی وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی اس بات کی علامت ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت مقامی سطح پر لوگوں کو با اختیار بنانے کیلئے سنجیدہ ہے انہوں نے صوبے کے بجلی کے منصوبوں میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کی مثبت سمت میں پیش رفت خوش آئند ہے آسٹریلین ہائی کمشنر کو صوبائی حکومت کے ایجنڈے ، ترجیحات ، سماجی شعبے کی اصلاحات ، گورننس ، قانون سازی اور ترقیاتی حکمت عملی سمیت عوامی فلاح کے مختلف اقدامات سے آگاہ کر تے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے بتایا کہ صوبے میں سیکورٹی کی صورتحال کافی بہتر ہو رہی ہے اور آرمی پبلک سکول کے سانحہ میں پوری قوم کو متحد کردیا ہے جس کے نتیجے میں نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ممکن ہوا انہوں نے کہاکہ صوبے میں سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور اس کا محور پی ٹی آئی کا تبدیلی کا ایجنڈا ہے ۔