لاہور(نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے انکشاف کیا ہے کہ انھوں نے رشتہ برقرار رکھنے کے لئے آخری لمحات میں بھارت کا دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد ہم خواتین اپنی شناخت کے بارے میں مکمل طور پر بھول جاتی ہیں اور اپنے شوہر کے اشاروں پر چلنا شروع کر دیتی ہیں۔ مجھ پر مسلسل 10 ماہ تک حملے ہوتے رہے لیکن کوئی بھی میرا دفاع کرنے کے لئے نہیں آیا۔ ہم دونوں کا اپنے راستے جدا کر لینا ہی بہتر تھا۔ اگر دو لوگ ایک دوسرے سے خوش نہ ہوں تو الگ ہو جانا ہی بہتر ہے۔ کچھ خامیاں مجھ میں اور کچھ عمران خان میں تھیں جس کی وجہ سے ہماری شادی نہیں چل سکی۔