کراچی (نیوزڈیسک ) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جمعہ کو بھی رینجرز کے قیام اور اختیارات کے حوالے سے قرارداد پیش نہ ہوسکی ۔یہ قرارداد کارروائی کے ایجنڈے میں 11ویں نمبر پر تھی ۔اب یہ قرارداد پیر کو پیش ہوسکتی ہے ۔سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو ایک گھنٹہ کی تاخیر سے صبح 11بجے اسپیکر آغا سراج درانی کی صدارت میں شروع ہوا ۔اجلاس میں محکمہ اوقاف سے متعلق وقفہ سوالات مکمل ہوا اور باقی وقت میں سینئر سیاست دان اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر مخدوم امین فہیم مرحوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے پیش کردہ قرارداد پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے 33ارکان نے خطاب کیا ۔قرارداد کی منظوری کے بعد ڈپٹی اسپیکر سیدہ شہلا رضا نے اجلاس پیر کی صبح تک ملتوی کردیا ۔