لاہور( نیوز ڈیسک)این اے 122، تحریک انصاف کان لیگ کوبڑاجھٹکا. الیکشن ٹربیونل لاہور نے حلقہ این اے 122میں دھاندلی کے خلاف تحریک انصاف کے امیدوار عبدالعلیم خان کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور سردار ایاز صادق کو 22دسمبر کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ۔گزشتہ روز الیکشن ٹربیونل لاہور کے جج رشید قمر نے سماعت کی۔ ضمنی انتخاب میں این اے 122سے ناکام رہنے والے پی ٹی آئی کے امیدوار عبد العلیم خان نے کامیاب امیدوار سردار ایاز صادق کے خلاف انتخابی عذر داری دائر کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ غیر قانونی طور پر انتخاب سے چند روز پہلے ہزاروں ووٹ دوسرے حلقوں میں منتقل کر دیے گئے اور انتخابی بے ضابطگی بھی کی گئی۔ضمنی انتخاب میں (ن) لیگ اور سردار ایاز صادق نے مبینہ طو رپر ووٹر لسٹوں میں ہیر اپھیری کر کے کامیابی حاصل کی اس لئے اس انتخاب کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ٹربیونل نے عبدالعلیم خان کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور سردار ایاز صادق سے 22دسمبر کو جواب طلب کر لیا ۔