اسلام آباد(این این آئی)ملک بھر میں سردی بڑھ گئی،ہنزہ اورنگر میں موسم سرما کی پہلی برف باری ، استوراور گردونواح میں بارش ہوگئی جبکہ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 7 ڈگری تک پہنچ گیاہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ظاہر کیا ہے۔ہنزہ اور نگر میں بھی موسم سرما کی پہلی برفباری نےسرد موسم کا پیغام دیدیا۔ ا±دھرملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ہے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں پہاڑوں پر برفباری اور بارش کا امکان ہے۔گلگت بلتستان میں سردی کی شدت میں روز باروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، ہنزہ اور نگر میں برفباری کا آغاز ہوتے ہی عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے گرم کپڑوں کی خریداری کے لئے دکانوں کا رخ کرلیا ہے ،استور میں صبح سے ہی وقفے وقفے بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، جس کی وجہ سے ٹھنڈ اور بڑھ گئی ہے۔سندھ، بلوچستان سمیت ملک کے اکثر میدانی علاقوں میں بھی سردی بڑھتی جارہی ہے جبکہ خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل چھائے ہوئے اور ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24گھنٹوں میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہیگا،تاہم مالاکنڈ، سرگودھا ڈویڑن ، فاٹا، گلگت بلتستان، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔