فیصل آباد(آئی این پی) سوشل میڈیا پر لگائی گئی شرط نے نوجوان کی جان لے لی ،ٹرین کی پٹڑی پر زیادہ دیر تک لیٹنے کے چکر میں ٹرین تلے آکر کچلا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 19 سالہ طالبعلم ظہیر نے اپنے دوستوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر شرط لگائی تھی کہ کون ٹرین کی پٹڑی پر زیادہ دیر تک لیٹ سکتا ہے۔ اس شرط کو پورا کرنے کیلئے سب دوست ٹرین کی پٹڑی پر پہنچ کر لیٹ گئے ، جب ٹرین آئی تو سب دوست اپنی جان بچانے کیلئے پٹڑی سے اٹھ گئے لیکن غلام آباد کا رہائشی ظہیر اپنی شرط پر قائم رہا۔ اس کے ساتھ موجود دوستوں نے اسے اٹھانے کی بہت کوشش کی تاہم وہ ان سے کہتا رہا کہ ٹرین میرے اوپر سے گزر جائے گی اور مجھے کچھ نہیں ہوگا لیکن ٹرین اس نوجوان کو بری طرح کچلتی ہوئی اس کے اوپر سے گزر گئی جس کے نتیجے میں نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والاسمن آباد کے سائنس کالج میں انجینئرنگ کا طالبعلم تھا