بدین (نیوزڈیسک)سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو نہیں بلکہ زرداری لیگ گینگ کو شکست دی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ بدین شہر میں 14 کونسلز ہیں جس میں ہم نے کامیابی حاصل کی ہے، بلدیاتی انتخابات میں ہماری کامیابی پیپلز پارٹی، بلاول اور قائم علی شاہ کے لئے لمحہ فکریہ ہے کیونکہ بلاول اور قائم علی شاہ کے دوروں کے باوجود انہیں یہاں سے شکست ہوئی، قائم علی شاہ کو تو بدین میں شکست پر ڈوب کر مر جانا چاہیے۔ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ بدین میں میرا مقابلہ پیپلز پارٹی سے نہیں بلکہ زرداری گینگ لیگ سے تھا،انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی سندھ حکومت میں کرپشن کے نئے ریکارڈقائم کررہی ہے اورگزشتہ دورحکومت میں آصف زرداری نے اپنے دوستوں کے ذریعے ملک کولوٹاجس کی وجہ سے آج پیپلزپارٹی مکافات عمل سے گزررہی ہے ۔ بلاول تو اپنا بچہ ہے، غریب اور لاچار لوگوں کا شکر گزار ہوں جن کے جذبے اور ہمت سے فتح نصیب ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اپنے مکافات عمل سے گزر رہی ہے اور اس کا گراف مزید نیچے جاتا رہے گا۔سابق وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ نئی سیاسی جماعت رجسٹر کرارہا ہوں اور پی پی کے کچھ رہنماوں سے رابطے میں ہوں جو بہت جلد میرے ساتھ ہوں گے۔ محنت اور لگن سے بی بی اور ذالفقار علی بھٹو کے مشن کو پورا کرنا چاہتا ہوں۔