پشاور (نیوزڈیسک).چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کو ایسا ہی بننا تھا تو بہتر تھا کہ نہ بنتا۔ لیکن ہم پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ملک بنائیں گے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں اسٹریٹ چلڈرن کے لئے مراکز قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔ وہ پشاور میں اسٹریٹ چلڈرن انسٹی ٹیوٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ ا س موقع پر فرانس بم دھماکوں پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان جس نظریئے پر بنا تھا۔ اس پر واپس آنے کی ضرورت ہے۔ ہمیں مثالی مسلمان بننا چاہیے۔ انہوں نے ریہام خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریہام نے بچوں کے لئے سینٹر قائم کرنے کی تجویز دی تھی۔ جبکہ وسیم اکرم اور باکسر عامر کو اسٹریٹ چلڈرن کرکٹ اکیڈیمی اور باکسنگ رنگ بنانے کا مشورہ بھی دیا تھا۔ عمران خان نے کہا کہ ریہام خان کو اسٹریٹ چلڈرن پراجیکٹ میں رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کی صاف پانی کی فراہمی کے لئے جہاد کریں گے۔خیبرپختونخوا کو فلاحی صوبہ بنانا ہے اور باقی تین صوبے بھی ہم سے سیکھیں گے۔ شعبہ تعلیم میں اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنایا ہے۔ شعبہ صحت کو بھی بہتر بنانا ہے۔