کراچی(نیوز ڈیسک) بلدیہ اتحاد ٹاو¿ن کے علاقے میں رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے۔ڈان نیوز کے مطابق بلدیہ اتحاد ٹاو¿ن کے علاقے میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کی موبائل پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 رینجرز اہلکار زخمی بھی ہوئے۔رینجرز اہلکار مسجد ہریر کے باہر نماز جمعہ کی سیکیورٹی پر موجود تھے۔ڈی آئی جی ویسٹ فیروز شاہ نے ہلاکتوں اور زخمیوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان نے رینجرز کی موبائل پر فائرنگ کی، جس کے بعد وہ فرار ہوگئے.واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور علاقے کو سیل کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ریسکیو ٹیمیں بھی جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کر رہی ہیں۔واضح رہے کہ کراچی آپریشن کے آغاز کے بعد سے قانون نافذ کرنے والوں پر حملے کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔ان واقعات میں دہشت گردوں کی جانب سے آپریشن کے ردعمل میں متعدد پولیس چوکیوں، موبائلوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں اب تک ٹریفک پولیس سمیت پولیس اور رینجرز کے کئی اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔گزشتہ ہفتے بھی طالبان کی جانب سے سپر ہائی وے پر پولیس چوکی پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا، جبکہ حملہ آور اہلکاروں کا اسلحہ بھی اپنے ہمراہ لے گئے تھے۔تقریباً 3 ہفتے قبل بھی ناظم آباد کے علاقے میں پولیس اہلکاروں کو اسنیپ چیکنگ کے دوران نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں 2 اہلکار ہلاک ہوگئے تھے