پشاور(نیوز ڈیسک) باچاخان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک روانہ ہونے والے مسافر کے پیٹ سے منشیات سے بھرے کیپسول برآمد کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔ ذرائع کے مطابق اے این ایف کی جانب سے پشاور میں باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کی گئی جہاں 2 ملزمان کو گرفتارکیا گیا جب کہ گرفتارملزمان کے پیٹ سے منشیات سے بھرے کیپسول برآمد کیے گئے۔ ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان منشیات سے بھرے کیپسول بیرون ملک منتقل کرنا چاہتے تھے جنہیں حراست میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب کوہاٹ میں نیول ٹول پلازہ پراے این ایف کی جانب سے کارروائی کی گئی جس کے دوران مشکوک گاڑی سے 12 کلو گرام منشیات برآمد کرلی گئی جب کہ اس موقع پر اورکزئی ایجنسی سے تعلق رکھنے والے ایک ملزم کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔