اسلام آباد(نیوزڈیسک)چین سے اپنی محبت کی تلاش میں آنے والی ڈولی نامی لڑکی نے ملاقات سے انکار پر اپنے مبینہ پاکستانی محبوب سے معاوضے کا مطالبہ کردیا ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چین سے آنے والی ٹین ڈولی نامی لڑکی امین نامی پاکستانی لڑکے کی تلاش میں مظفر گڑھ جاپہنچی تھی مگر انتھک کوششوںکے باوجود وہ اسے ڈھونڈنے میں ناکام رہی اور اطلاع ملنے پر پولیس نے اسے اسلام آباد میں چینی سفارتخانے منتقل کردیا ۔چینی لڑکی کاکہنا تھا کہ وہ مظفر گڑھ ایک پاکستانی شہری امین سے ملنے آئی ہے ، امین چین میں جس میڈیکل کالج میں زیر تعلیم تھا میں وہاں کلرک تھی۔ٹین ڈولی کے مطابق امین نے مجھ سے شادی کا وعدہ کیا مگر اب وہ کہیں بھاگ گیا ہے جبکہ میں اسی کو تلاش کرنے آئی ہوں اور اسے لیے بغیر واپس نہیں جائوں گی ۔چینی لڑکی کی جانب سے تفصیلات فراہم کرنے پر پنجاب پولیس نے متعلقہ لڑکے کوتلاش کرلیا تاہم ڈولی کی منت سماجت کے بعد بھی اہلخانہ نے اسے امین سے ملاقات کی اجازت نہیں دی ۔اس حوالے سے ڈولی کا کہنا تھا کہ امین ایک بے وفا انسان ہے اور اس نے مجھے دھوکا دیا ۔انہوں نے مزید کہاکہ اگر امین نہیں چاہتا تو مجھ سے بھلے نہ ملے لیکن اس کے بدلے مجھے وہ 20ہزار یوآن(تین لاکھ سے زائد روپے) لوٹا دے جو میں نے اپنی جائیداد بیچ کر اس کی میڈیکل یونیورسٹی میں اخراجات پورے کرنے میں مدد دی اس کے بعد ہی میں واپس اپنے ملک چلی جائوں گی ۔