اسلام آباد(نیوزڈیسک) ایم کیو ایم کے ارکان نے ایوانِ بالا سے اپنے استعفے واپس لے لیے اور اجلاس میں شریک ہونے کا فیصلہ کرلیا ہے۔استعفوں کی واپسی کے بعد ایم کیو ایم سینیٹ کے اجلاس میں شرکت بھی کرے گی۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے سینیٹر طاہر مشہدی نے کہا کہ ایم کیو ایم ارکان کے استعفوں کے معاملے میں وزیراعظم نواز شریف اور الطاف حسین نے دور اندیشی کا مظاہرہ کیا ایم کیو ایم پارلیمنٹ میں بھرپور کردار ادا کرے گی۔واضح رہے کہ ایم کیو ایم نے کراچی میں جاری آپریشن کے خلاف کچھ عرصہ قبل احتجاجاََسینیٹ، قومی اسمبلی اور سندھ اسمبلی سے استعفے دے دیے تھے جنہیں ”وسیع تر قومی مفاد “میں منظور نہیں کیا گیا تھا جبکہ چیئرمین سینیٹ نے ایم کیو ایم کے استعفوں کے معاملے پر سینیٹ کے اجلاس میں ایک انتہائی طویل رولنگ بھی دی تھی جس میں انہوں نے استعفے منظور نہ کرنے کی وجوہات بیان کی تھیں۔ایم کیو ایم کے استعفوں کی واپسی کا ٹاسک مولانا فضل الرحمن کو دیا گیا جو کچھ دن کی کوششوں کے بعد معاملے سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔چند روز قبل حکومت اور ایم کیو ایم میں ہونے والے مذاکرات کے دوران ایم کیو ایم کے ” تحفظات“ دور کردیے گئے تھے جس پر ارکان نے استعفے واپس لینے کی حامی بھری تھی اور پیر کے روز سینیٹ سے استعفے واپس لے لیے۔