ملتان (نیوز ڈیسک) پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں خون خرابے اوراموات پر افسوس ہے ۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پولیس اور انتظامیہ کو استعمال کیاگیا ۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن میں بدنظمی اور جھگڑے کے واقعات رونما ہوئے اور لوگوں کی جانیں گئیں ۔حکومت مخالف جماعت پی ٹی آئی کے رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ الیکشن کمیشن انتظامات کو بہتر کرے تاکہ آئندہ اس قسم کے افسوسناک واقعات رونما نہ ہوں ۔ یاد رہے کہ شاہ محمود قریشی گذشتہ دنوں لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ 122 میں ہونیوالے ضمنی انتخاب سے قبل پارٹی کے بعض فیصلوں کی وجہ سے سیاسی سرگرمیوں سے کنارہ کشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔ گرچہ اس دوران جہانگیر ترین کے ساتھ ان کی ایک مسکراتی ہوئی تصویر بھی شائع ہوئی ہے تاہم اس کے بعد بھی وہ پارٹی سرگرمی میں نظر نہیں آرہے جس سے اندازہ لگایا جاتاہے ان کی ناراضی اب تک ختم نہیں ہوئی ۔