لاہور( این این آئی) تحریک انصاف کی این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں ووٹر لسٹوں میں بے ضابطگیوں کے حوالے سے آل پارٹیز کانفرنس ملتوی کر دی گئی ،نئی تاریخ کے مطابق 27اکتوبر کو چیئرمین سیکرٹریٹ میں منعقد ہو گی ۔تحریک انصاف پنجاب کے آرگنائزر چوہدری محمد سرور کے حوالے سے بتایاگیا ہے کہ شرکت کےلئے رابطوں کے دوران سیاسی جماعتوںکے رہنماﺅں نے اے پی سی عاشورہ محرم کے بعد بلانے کی تجویز دی گئی جس کے بعد آج جمعرات کو منعقد ہونے والی اے پی سی ملتوی کر کے نئی تاریخ 27اکتوبر مقرر کی گئی ہے ۔تحریک انصاف پنجاب کا دعویٰ ہے کہ اسے این اے 122کے ضمنی انتخاب میں بڑے پیمانے پر ووٹوں کی منتقلی کے ثبوت مل گئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں پی ٹی آئی آئندہ اقدام اٹھائے گی۔ دوسری طرف چھ نکاتی چارج شیٹ بھی مرتب کر لی گئی ہے جسے اے پی میں اپوزیشن رہنماﺅں کے سامنے رکھا جائے گا اور بعد ازاں اسے الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کیا جائے گا۔