پشاور (اے این این) تحریک انصاف خیبر پختونخوا نے قومی وطن پارٹی سے اتحاد کرنے کے بعد اپنا ایک وزیر فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ ایبٹ آباد کے دو وزرا مشتاق غنی یا قلندر لودھی کو قربانی دینا ہوگی ۔ خیبر پختونخوا حکومت نے قومی وطن پارٹی کے ساتھ ایک بار پھر اتحاد کرکے دو وزارتیں قومی وطن پارٹی کو دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسی لیے تحریک انصاف حکومت نے اپنی دیگر دو اتحادی جماعتوں جماعت اسلامی اور عوامی جمہوری اتحاد سے وزارتیں واپس نہ لینے اور اپنے ہی پارٹی کے دو وزرا میں سے ایک کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والے وزیر اطلاعات و ہائر ایجوکیشن مشتاق غنی اور وزیر خوراک قلندر لودھی میں سے ایک سے وزارت لی جائے گی تاہم پارٹی قیادت نے دونوں وزرا کو آپس میں مشاورت کی ہدایت کر دی ہے ۔ دونوں وزرا 8 اکتوبر تک آپس میں فیصلہ نہ کر سکے تو پھر ٹاس کیا جائے گا ۔ خیبر پختونخوا کے کئی وزرا اور معاون خصوصی کے محکموں میں بھی ردوبدل کے لیے بھی مشاورت شروع ہے ۔ ذرائع کے مطابق قومی وطن پارٹی کے دو نئے وزرا 13اکتوبر کو حلف اٹھائیں گے جس میں عمران خان کی شرکت بھی متوقع ہے ۔