اسلام آباد(نیوزڈیسک)ی)پاکستان میں سعودی سفیر عبداﷲ مرزوق الزہرانی نے کہا ہے کہ خادم حرمین الشریفین نے سانحہ منیٰ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اس کا اعلان کیا جائے گا۔ سچ کے متلاشیوں کو زیب نہیں دیتا کہ وہ بدنیتی پر مبنی افواہوں پر کان دھریں یا ایسی سنی سنائی باتوں کو سچ مان لیں جن کا مقصد رائے عامہ کو گمراہ کرنا ہے۔ انہوں نے یہ بات چیئرمین سینیٹ رضا ربانی سے ملاقات میں کہی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور منیٰ حادثہ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں شخصیات نے دوطرفہ برادرانہ تعلقات میں بہتری اور تقویت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے منیٰ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے حجاج کرام کی وفات پر تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ چیئرمین نے اس یقین کا اظہار کیا کہ منیٰ حادثہ میں شہید، زخمی اور لاپتہ ہونے والے پاکستانیوں کے حوالے سے سعودی حکومت معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھے گی۔۔ رضا ربانی نے زور دیا کہ دونوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے درمیان قریبی باہمی رابطوں کو مزید تقویت دی جائے۔ رضا ربانی نے سعودی شوریٰ کے سربراہ کو سینیٹ اجلاس میں خصوصی شرکت کی دعوت بھی دی۔