جعفرآباد(نیوزڈیسک)مسلم لیگیوں کا نیا اتحاد،ظفر اللہ جمالی کے صبر کا پیمانہ لبریز،سابق وزیر اعظم میر ظفر اللہ خان جمالی نے مسلم لیگوں کے نئے اتحاد کے کوششوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ کا اتحاد کھڑکی سے آنا اور دروازے سے چلے جانا ہے،یہ اتحاد دیرپا ثابت نہیں ہوسکے گا۔جعفرآباد کے علاقے ڈیرہ اللہ یار میں عید ملن پارٹی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ مجبوری سے بننے والے اتحاد کبھی کامیاب نہیں ہوتے۔ اگر یہ لوگ خوشی سے اکٹھے ہوتے تو مجھے بہت خوشی ہوتی۔جو مجبوری سے اکٹھا ہوتا ہے وہ زیادہ دیرپااور پائیداراتحاد نہیں ہوتا۔لوگ دروازے سے آتے ہیں کھڑکی سے چھلانگ مارتے ہیں اورکھڑکی سے آتے ہیں تو دروازے سے چلے جاتے ہیں۔پتا نہیں ان کا کیا ہو گا۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین مختلف مسلم لیگی دھڑوں کے باغی رہنماو ¿ں کو اکٹھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جن میں پنجاب سے نواب ذوالفقار کھوسہ اور سندھ سے سید غوث علی شاہ خاص طور پر قابل ذکر ہیں جبکہ فنکشنل مسلم لیگ نے بھی نئے اتحاد میں شمولیت پر آمادگی کا اظہار کیا ہے اور کہا جارہا ہے کہ اس اتحاد میں سابق صدر پرویز مشرف کو خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔