چین (نیوزڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز کو چین میں ”مین آف ایکشن“ کہہ کر پُکارا جاتا ہے.چین کے سفیر سن ویڈانگ نے چین کے قومی دن کے موقع پر ایوانٍ وزیراعلٰی میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے اپنے خطاب کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے اور صوبہ پنجاب میں ترقی کے مینار تعمیر کرنے پر پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت کو شاندار خراج تحسین پیش کیا ، ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے پاکستان اور چین کی دوستی کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں شاندار کردار ادا کیا ہے چینی سفیر نے اپنی تقریر کے آغاز میں وزیراعلیٰ پنجاب کو ”مائی ڈیئر برادر“ کہہ کر مخاطب کیا اور کہا کہ شہبازشریف چینی قیادت اور عوام میںبہت مقبول اور ہردل عزیز ہیں اور چین میں انہیں ”مین آف ایکشن“ کہا جاتا ہے۔بلاشبہ شہبازشریف نے اپنے ایکشن سے نہ صرف پاک چین دوستی کو مضبوط بنایا ہے بلکہ انہوں نے پنجاب کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے زبردست کام کیے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں شہبازشریف کی شاندار کارکردگی کا اعتراف چین میں بھی کیا جاتا ہے۔ چینی سفیر نے کہا کہ میں جب بھی پنجاب آتا ہوں اسے ترقی کے اعتبار سے تبدیل پاتا ہوں اور صوبہ پنجاب پہلے سے زیادہ ترقی یافتہ اور خوشحال نظر آتا ہے جس کا تمام تر کریڈٹ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی متحرک قیادت کو جاتا ہے۔