فیصل آباد(نیوزڈیسک)وفاقی وزیر پانی و بجلی و دفاع خواجہ آصف نے نندی پور پراجیکٹ میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن کے سلسلہ میں اپنا بیان احتساب بیورو میں قلمبند کرادیا ہے جبکہ وفاقی وزیر نے اپنے بیان میں اربوں روپے کے نندی پور پراجیکٹ کے بارے میں بروقت کامیاب نہ ہونے پر اپنی کوتاہی کا ارتکاب کرتے ہوئے اس کی ذمہ داری پنجاب کی اہم اعلیٰ شخصیت پر ڈالی ہے ۔ آن لائن کو باوثوق ذرائع نے بتایا کہ نندی پور پراجیکٹ کے سلسلے میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف پر جو مسلسل تنقید ہورہی تھی اس سلسلے میں ان کا کہنا تھا کہ اس پراجیکٹ میں انہوں نے کسی بھی قسم کی کرپشن یا مبینہ طور پر رشوت حاصل نہیں کی اگر یہ کسی بھی وقت ثابت ہوجائے تو اس کی سزا بھگتنے کو تیار ہے چنانچہ مسلسل تنقید ہونے پر خواجہ آصف احتساب بیورو میں اپنا بیان قلمبند کرانے کے بعد بیرون ملک روانہ ہوگئے ہیں انہوں نے اپنے قریبی رفقاءکو بتایا کہ وہ کچھ دن کیلئے ذہنی سکون کیلئے بیرون ملک قیام کرینگے خواجہ آصف کے مطابق نندی پور پراجیکٹ پر انہوں نے خلوص نیت سے کام کیا تھا مگر انہیں کام کرنے کا موقع نہیں دیا گیا اس میں پنجاب کی اہم شخصیت کی آئے روز کی مداخلت تھی یہ امر قابل ذکر ہے کہ خواجہ آصف نے اس بات کا اظہار کابینہ کے اجلاس میں بھی کیا تھا ۔واضح رہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انچارج حمزہ شہباز شریف نے لاہور میں بھی این اے 122 میں مسلم لیگ (ن) کے دفتر کے افتتاح کے موقع پر نندی پور مسئلے پر واضح طور پر کہا کہ خواجہ آصف اس سلسلے میں اپنا بیان احتساب بیورو میں ریکارڈ کراچکے ہیں اوراس میں جو بھی ملوث ہوا اس کے بارے میں فیصلہ یا کارروائی احتساب بیورو ہی کریگا جبکہ ہمارے خاندان سے اس سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔