اسلام آباد(نیوزڈیسک)۔وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے انکشاف کیاہے کہ سابق صدر پرویز مشرف نے الطاف حسین کا کام تمام کرنے کا منصوبہ بنایا تھا ۔روزنامہ اوصاف اسلام آباد کے مطابق ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف جس وقت آرمی چیف تھے انہوں نے مجھے اور میاں شہبازشریف کو اپنے گھر کھانے پہ بلایا ۔کھانے کے بعد جب جانے لگے تو انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس جو ایجنسیز کی طرف سے حقائق آئے ہیں ،اس کے حوالے سے تو ایم کیو ایم ایک بہت بڑا مافیا ہے اور الطاف حسین اس کا سرغنہ ہے ۔یہ ہمارے ملک کے مفاد میں نہیں ہے کہ آپ اس کو اس طرح کھلی چھٹی دیں ۔وہ (الطاف)اب برطانیہ میں بیٹھے ہوئے ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ۔اس لیے اگر وزیراعظم (نوازشریف)اجازت دیں تو ہم الطاف حسین کا قصہ ہمیشہ کیلئے ختم کردیتے ہیں ۔چودھری نثار نے کہامیں احساس ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ میں نے اس وقت ردعمل کے طورپر کہاکہ جنرل صاحب کیا آپ کو احساس ہے کہ وہ ایک اور ملک میں ہیں اور قتل کرنا مناسب نہیں ہے مگر اگر آپ کی بات مان بھی لی جائے تو اس کا بہت سخت عالمی ردعمل ہوگا تو جنرل مشرف نے نفی میں سر ہلاتے ہوئے کہاکہ ہمارے پاس ایسے ذرائع ہیں کہ ہم تک یہ بات کبھی نہیں آئے گی۔