لاہور(آن لائن)این اے122 میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑانے پر پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کرادی،بدھ کے روز صوبائی الیکشن کمیشن میں پیپلز پارٹی کے وکیل بیرسٹر عامر نے تحریک انصاف کے رہنما حلیم خان کے خلاف کارروائی اور نا اہلی کیلئے درخواست جمع کرادی ہے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ این اے 122 کے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کے امید وار حلیم خان نے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادی ہیں ،حلقہ میں کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں ،ضمنی الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو 15 لاکھ روپے سے زائد خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہے تاہم پی ٹی آئی رہنما نے الیکشن کمیشن کے احکامات اور الیکشن کی ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑادی ہیں، پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ حلیم خان کے خلاف کارروائی کیلئے ایک کمیشن تشکیل دیا جائے جو حلقہ میں جا کر ان بے ضابطگیوں کا معائنہ کر ے اور کوتاہی ثابت ہونے پر حلیم خان کو نا اہل قرار دیا جائے ۔