حضرو (این این آئی )سابق صوبائی وزیر داخلہ شجاع خانزادہ شہید کے صاحبزادے ، امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 16جہانگیر خانزادہ نے کہا ہے کہ چھچھ میں میرے والد کے تعمیر و ترقی کے ادھورے منصوبوں کو مکمل کرنے کیلئے پی پی 16کے عوام میرا بھر پور ساتھ دے رہے ہیں، ہم تھانہ کچہری ، جھوٹ کی سیاست نہیں کرتے، اپنے آباو¿ اجداد کے کردار کی سیاست کو پروان چڑھائیں گے،اتنے بڑے سانحہ کے بعد اگر ڈاکٹر نعیم اعوان میرے مقابلے میں الیکشن لڑ رہے ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہے تاہم عوام 6۔ اکتوبر کو میرے حق میں فیصلہ کریں گے، منتخب ہو کر چھچھ کے صحافیوں کی رہنمائی سے حلقہ کے تمام مسائل حل کرونگا،وہ شادی خان میں عید الاضحی کے موقع پر حضرو کامرہ کے سینئر صحافیوں انور مرزا، نثار علی خان، نواز خان،خالد محمود جلالیہ، عبدالوہاب،حفیظ میر اور شہزاد مرزا سے گفتگو کررہے تھے، انہوں نے مزید کہا کہ کرنل(ر) شجاع خانزادہ نے ہمیشہ مخالفین کو بھی عزت دی اور گروپ کے کسی بھی شخص کو مخالفین کے خلاف بولنے سے ٹوک دیتے تھے ، انہوں نے کہا کہ ہم نے مخالفت ، سیاست کے چکروں میں نہیں پڑنا ، صرف عوام کی بے لوث و بلا تفریق خدمت کو مشن بنانا ہے، جہانگیر خانزادہ نے صحافیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ میرے حوالہ سے خبروں کی تصدیق یا موقف ضرور حاصل کریں، ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اندرون و بیرون ممالک سے میرے والد شجاع خانزادہ کی شہادت پر جو حوصلہ دیا گیا اور میری ڈھارس بندھائی اسی کی بدولت آج میں عوام میں ہوں ، پوری قوم کی طرف سے ملنے والا پیار ، خلوص ناقابل فراموش ہے۔