لاہور(نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ کافیصلہ آنے کے ساتھ ہی عمران خان نے انتخابی مہم میں حصہ لینے کا اعلان کردیا اور ان کی مہم کا شیڈول بھی جاری کردیاگیا۔تفصیلات کے مطابق ممبران اسمبلی کے انتخابی مہم میں حصہ نہ لینے کے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے معطل کرنے کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کا ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عمران خان اکتوبر کے پہلے ہفتے این اے 122 کی انتخابی مہم کیلئے لاہورآئیں گے۔این اے 122 سے پی ٹی آئی کے امیدوار علیم خان نے کہا ہے کہ 4 اکتوبر کواسلام آباد کا جلسہ کرنے کے بعدعمران خان 5 اکتوبر کو لاہور آئیں گے اور 9 اکتوبر تک انتخابی مہم چلائیں گے۔انتخابی مہم کے دوران عمران خان جلسوں سے خطاب کریں گے جبکہ ڈورٹوڈور مہم میں بھی حصہ لیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے ذریعے مجھے انتخابی مہم سے دور رکھنے کی کوشش کی ،ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے غیر جمہوری فیصلے کو معطل کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں اور این اے 122 کی انتخابی مہم میں بھرپورحصہ لوں گا۔