اسلام آباد(نیوز ڈیسک)محکمہ داخلہ سندھ نے قربانی کی کھالوں سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیاہے جس کے تحت کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور پوسٹرز یا بینرز کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی۔محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے قربانی کی کھالوں سے متعلق جاری کئے ضابطہ اخلاق کے تحت صرف رجسٹرڈ تنظیموں اوردینی مدارس کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت ہوگی لیکن کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے اور پوسٹرزیا بینرز کے ذریعے کھالیں مانگنے کی اجازت نہیں ہوگی، کھالیں جمع کرنے کے لئے کمشنریا متعلقہ ڈی سی سے تحریری اجازت حاصل کرنا ہوگی۔ضابطہ اخلاق کے تحت لوگ خود جہاں کھال دینا چاہیں وہاں اپنی مرضی سے دے سکتے ہیں، گھرگھرجاکر کسی کو زبردستی کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، کھالوں کی منتقلی کیلیےشناختی کارڈ ،ادارے کا کارڈ،اجازت نامہ ساتھ رکھنا ضروری ہے، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنےوالوں سے کھالیں ضبط کرلی جائیں گی۔ اس کے علاوہ عیدالاضحیٰ کے تینوں دن اسلحہ لیکرچلنے پر پابندی ہوگی۔