کراچی (نیوز ڈیسک) نجی سکولوں کی فیسوں میں ہوشربا اضافے کیخلاف کراچی میں بھی والدین سڑکوں پر آ گئے۔ کراچی کے نجی سکولوں نے بچوں کی فیسوں میں اضافہ کردیا ہے جس کے خلا ف والدین سڑکوں پر آگئے اور ٹیپوسلطان روڈ بلاک کرکے احتجاج شروع کردیا۔ والدین نے احتجاج کے دوران موقف اپنایا کہ نجی سکولوں نے فیسوں میں بے جا ظالمانہ اضافہ کیا ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ نجی سکول مختلف حیلوں بہانوں سے والدین کی جیبیں صاف کرنے میں مشغول ہیںجبکہ چھٹیوں میں بھی جنریٹر کے پیسے وصول کیے جاتے ہیں۔ والدین نے وزیر تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ نجی سکولوں کے جاری فیس چالان منسوخ کرائے جائیں۔واضح رہے کہ آج وزیر تعلیم سندھ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہو گا جس میں پرائیویٹ سکولوں کی فیسوں میں اضافے پر معاملات زیر بحث لائیں جائیں گے اور اس اجلاس میں نجی سکولوں کے مالکان کو بھی طلب کیا گیا ہے۔