اسلام آباد(نیوز ڈیسک) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا کہ تین بار وزراءکی موجودگی کیلئے رولنگ دے چکا ہوں اگر یہی روش برقرار رہی تو وزراءکے سینٹ میں داخلے پر پابندی عائد کردونگا۔ منگل کے روز سینٹ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف اور وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کے ایوان سے چلے جانے پر چیئرمین سینٹ نے اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر مملکت آ فتاب شیخ ہر مرض کی دوا ہے وزراءکا ایوان میں اس وقت تک موجود رہنا ضروری ہے جب تک ان کی وزارت سے متعلق سوالوں کے جواب فراہم کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں تین بار رولنگ جاری کرچکا ہوں لگتا ہے کہ وزراءایوان بالا کو کوئی اہمیت نہیں دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر یہی روش برقرار رہی تو مجھے بھی سخت اقدامات اٹھانا پڑینگے اور وزراءکا سینٹ میں داخلہ بند کر دونگا ۔