سیالکوٹ(نیوزڈیسک)نندی پورپاورپروجیکٹ میں مبینہ کرپشن کے الزامات ،وفاقی وزیرپانی وبجلی نے صفائیاں پیش کرناشروع کرد ی ہیں .وزیرپانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نندی پور پاور پلانٹ سے متعلق خبریں حقائق کے منافی ہیں اور وہ خود پر لگے الزامات کا سامنا کریں گے۔سیالکوٹ میں صنعت کاروں سے خطاب کے دوران خواجہ آصف نے کہا کہ 2016 میں نندی پور پلانٹ گیس پر منتقل ہوجائے گا جس سے پلانٹ 525 میگاواٹ کی بجلی پیدا کرے گا، نندی پور پاور پلانٹ پر کل لاگت 58ارب روپے آئی ہے 88ارب روپے لاگت والی بات غلط ہے۔ اس سے قبل بھی ان پر کئی الزامات لگائے گئے جو جھوٹے ثابت ہوئے، اس معاملے میں بھی ان کا دامن صاف ہے، وہ الزامات کا سامنا کریں گے اور اللہ تعالیٰ انہیں سرخرو کرے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ سیالکوٹ کی تعمیر و ترقی میں وفاقی حکومت خصوصی دلچسپی لے رہی ہے، سیالکوٹ ایکسپریس وے کو موٹر وے میں تبدیل کرلیا ہے، اگلے ماہ اس منصوبے پر کام شروع ہوجائے گا اور اسے ایک سال میں مکمل کر لیا جائے گا، حکومت اگلے سال سیالکوٹ میں ٹیکنالوجی یونیورسٹی کی بنیاد بھی رکھے گی جس سے یہاں کے لوگوں کو جدید علوم کے حصول میں اسانی ہو گی اور علاقے میں روزگار کے مواقع فراہم ہوں گے