جہلم(نیوز ڈیسک)پنجاب کے شہر جہلم میں طالبات کے ایک اسکول میں انسداد ڈینگی سپرے سے 32 طالبات کی حالت خراب ہو گئی۔ ڈومیلی میں گرلز سکول میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ڈینگی سے بچاؤ کیلئے اسپرے کیا گیا تھا۔طالبات کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جہلم اور تحصیل ہسپتال سو ہاوا منتقل کیا گیا۔ڈی سی او نے انسداد ڈینگیسپرے سے طالبات کی حالت غیر ہونے کا فوری نوٹس لیا۔ڈی سی او نے ای ڈی او ہیلتھ اور ای ڈی او ایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جہلم میں ڈینگی وائرس سے طالبات کے متاثر ہونے کا نوٹس لیا۔شہباز شریف نے وزیر تعلیم، مشیر صحت، سیکریٹری صحت اور سیکریٹری اسکولز ایجوکیشن کو جہلم پہنچنے کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ طالبات کو طبی سہولتوں کی فراہمی کے عمل کی خود نگرانی کریں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ڈینگی سپرے سے طالبات کی حالت غیر ہونے کا تفصیلی جائزہ لیا جائے۔وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ اٹک کے بعد جہلم میں پیش آنے والے واقعہ کی جامع تحقیقات کروائی جائے گی۔شہباز شریف نے انسداد ڈینگی کے لیے کئے جانے والے سپرے کو لیبارٹری سے چیک کرانے کا حکم بھی دیا۔