کراچی( آن لائن )اسٹیٹ بنک نے رینجرز کی ہدایت پر تمام ملکی اور غیر ملکی بنکوں اور مالیاتی اداروں سے کہا ہے کہ وہ کراچی میں دہشت گردوں کو فنڈنگ کے الزام میں گرفتار چار اہم افراد کی تمام بنک تفصیلات فراہم کریںتمام بنکوں اور ترقیاتی مالیاتی ادروں کے صدور اور چیف ایگزیکیٹیو کو لکھے گئے خط میں اسٹیٹ بنک آف پاکستان نے چاروں اہم افراد کے نام بھی فراہم کئے ہیں ،جن میں سابق وزیر پیٹرولیم اور سابق صدر آصف زرداری کے قریبی دوست ڈاکٹر عاصم حسین شامل ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دیگر تین افراد میں سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر شعیب وارثی،ادارے کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر ذوہیر صدیقی اور کامران ابسان ناگی شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق رینجرز نے ان افراد ،ان کے ساتھیوں اور خاندانی افراد کے بنک اکاﺅنٹس تک رسائی حاصل کر نے کی کوشش کی تھی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رینجرز نے اسٹیٹ بنک سے کہا تھا کہ ملک میں کام کرنے والے تمام ملکی اور غیر ملکی بنکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کرے کہ اکاﺅنٹ اوپننگ فارم ،اکاﺅنٹ استعمال کر نے والے کسی دوسرے شخص کو دیئے گئے اجازت نامہ،دستخط کے کارڈ اور قومی شناختی کارڈ کی نقول فراہم کی جائیں۔اس کے علاوہ بنک اکاﺅنٹ شروع ہونے کی تاریخ سے اکاﺅنٹ کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔۔اسٹیٹ بنک نے کہا ہے کہ چاروں افراد کے انفرادی یا ان کے کاروبارکے دیگر اکاﺅنٹس ،ڈپازٹ یا لاکرز کی تفصیلات بھی فراہم کی جائےں ۔