کراچی (نیوزڈیسک) سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کی دھمکیوں سے کچھ نہیں ہوگا، اگر حکومت نے کرپشن کے خلاف سندھ میں جاری کارروائیاں روکیں تو یہ ملک کے ساتھ غداری ہوگی۔آصف علی زرداری کی پیپلز پارٹی کے لئے کوئی خدمات نہیں ہیں۔ پیر کو آصف علی زرداری کے بیان پر اپنے ردعمل میں ذوالفقار مرزا نے کہا کہ جب کراچی میں معصوم لوگوں کو قتل کیا جارہا تھا، تب زرداری کا ضمیر سویا ہوا تھا۔ جب سندھ کی تقسیم کی باتیں ہورہی تھیں تب بھی زرداری سویا ہوا تھا اب جبکہ حکومت نے کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائیاں شروع کیں ہیں تو زرداری کا ضمیر جاگ گیا ہے۔ آصف علی زرداری کو کوئی عوامی حمایت حاصل نہیں ہے۔ ان گیڈر بھبکیوں سے کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زرداری نہ صرف خود کرپٹ ہیں بلکہ اپنے اردگرد بھی کرپٹ لوگوں کو جمع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری نے پیپلز پارٹی کے لئے کوئی قربانی نہیں دی ہے۔ پیپلز پارٹی میں کالی بھیڑوں کے خلاف کارروائی پر جیالے خوش ہیں۔ خورشید شاہ کو بھی آصف زرداری نے ڈانٹا۔ پھر انہوں نے مذمتی دیا ورنہ خورشیدہ شاہ کوئی بیان نہیں دیتے۔ ذوالفقار مرزا نے کہا کہ اگر حکومت نے آپریشن روکا اور مفاہمت کی تو ہم اس حکومت کے خلاف تحریک چلانے پر مجبور ہوں گے۔