سیالکوٹ(نیوز ڈیسک) چیرمین سینیٹ رضاربانی کا کہنا ہے کہ مودی سرکار خام خیالی میں نہ ر ہے، ضرورت پڑنے پر پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔بھارتی گولہ باری سے زخمی ہونے والوں کی عیادت کرنے کے بعد سی ایم ایچ سیالکوٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارت نہتے پاکستانی شہریوں پر بمباری کررہا ہے جو بزدلانہ عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارتی جارحیت کا ڈٹ کرمقابلہ کیا ہے اور اب بھی منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔چیرمین سینیٹ نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری پر سرحد کے قریب رہائشی لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کے لئے وزیر اعظم نواز شریف سے بات کروں گا اور پاکستانی دیہات کی حفاظت کے لئے اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ حکومت کو بھارتی جارحیت کا معاملہ عالمی سطح پر بھی اٹھانا چاہیئے جب کہ بھارتی جارحیت پرمسلم امہ کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔رضا ربانی کا کہنا تھا کہ بھارتی گولہ باری اور فائرنگ سے معصوم بچوں اورخواتین کی شہادہت پر اوآئی سی کی خاموشی افسوسناک ہے جس سے اس تنظیم کا دوہرا معیاربھی سامنے ا?رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی سرکار اندرونی محاذ پر ناکام ہونے کا غصہ بارڈر پر اتاررہی ہے جس پرعالمی اداروں کو مودی سرکاری کی جارحیت کا نوٹس لینا چاہئے۔