لاہور(نیوزڈیسک)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ملک سیاست میں ایک اہم دوراہے پر آ گیا ہے اب فیصلہ نواز شریف کے ہاتھ میں ہے کہ وہ چوروں کا ساتھ دیتے ہیں کہ چوکیداروں کا ، چور سپاہی کی فلم اب زیادہ عرصہ نہیں چل سکتی،عاصم کی گرفتاری آصف کی گرفتاری کا ٹریلر ہے اس سے آگے بات فریال تالپور تک بھی پہنچ سکتی ہے،مجھے 200فیصد یقین ہے کہ تحریک انصاف ضمنی انتخابات میں حصہ لینے سے نہیں بھاگے گی لیکن اگر پی ٹی آئی نے الیکشن میں حصہ نہ لیا تو میں اپنی سیٹ سے استعفیٰ دے کر این اے 125سے ضمنی انتخاب لڑوں گا،تمام اپوزیشن جماعتیں اکٹھی ہونے جارہی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ شیخ رشید نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف فیصلے دینے والے الیکشن ٹربیونلز کے تینوں ججوں کو مدت ملازمت میں توسیع نہیں دی گئی ۔ میرے مطابق این اے 118اور 128دونوں التواءمیں چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ نیب مذاق بن گیا تھا جو صرف پٹواریوں اور چھوٹے کرپٹ افسران پر ہاتھ ڈال رہا تھا ۔ مجھے خوشی ہے کہ نیب نے بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ عاصم کی گرفتاری آصف کی گرفتاری کا ٹریلر ہے اور اس سے آگے بات فریال تالپور تک بھی پہنچ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے دور میں کسان تباہ حال ہے ۔ سٹاک مارکیٹس اور کاروبار مندے کا شکار ہیں ۔ سیاستدان اگر لوٹ مار کر کے اپنا گھر بھرتا ہے تو پھر دوسرا آدمی کیوں ٹیکس دے ۔ صرف دیانتدار قیادت ہی ٹیکس وصولی کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرانہیں خیال کہ عمران ضمنی انتخابات سے بھاگ رہا ہے ۔ پی ٹی آئی کی قیادت سے دو بار بات ہوئی ہے اور انہیں کہا ہے کہ دھڑلے سے ضمنی انتخاب لڑیں ۔ (ن) لیگ غصے میں اس طرح کا تاثر دے رہی ہے جیسے کوئی انتخابات سے بھاگ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور جاگتا ہے تو پھر پورا ملک جاگتا ہے یہ وہی لاہور ہے جہاں سے نواز شریف نے 90ہزار ووٹ لئے جبکہ ان کی اپنی جماعت کے امیدواروں نے ڈیڑھ ،ڈیڑھ لاکھ تک ووٹ لئے لیکن اس مرتبہ لاہور میں دھاندلی نہیں ہو گی ۔ شیخ رشید نے کہا کہ آئندہ دو سے تین ماہ انتہائی اہمیت کے حامل ہیں ، نواز شریف پر بہت ذمہ داریاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی سندھ میں کی جانے والی حالیہ کانفرنس کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ جس جس نے گاجریں کھائی ہیں سب کو ’ ’ پھکی “ ملے گی ۔اس ملک میں کچھ لوگ ” اڈیالین “ بننے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے حوالے سے کہا کہ پاکستان کے اندر بھارت ” را “ کے ذریعے انتشار پھیلا رہا ہے جبکہ سرحدوں پر بھی اشتعال انگیزی کر رہا ہے لیکن اللہ کے فضل سے پاکستان پر آنچ بھی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت نواز شریف کے فیصلوں سے مشروط ہے ۔ اب فیصلہ نواز شریف کے ہاتھ میں ہے کہ وہ چوکیداروں کا کا ساتھ دیتے ہیں کہ چوروں کا۔