کراچی (نیوزڈیسک)پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف نے سندھ میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں جماعتوں کے درمیان بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان سندھ میں انتخابی اتحاد کا فیصلہ ہو گیا جس کی مولانا فضل الرحمان نے توثیق کر دی ۔ جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو نے مولانافضل الرحمان سے ملاقات کی اور سندھ میں پیپلزپارٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے متعلق بریفنگ دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابی اتحاد کے لئے جے یو آئی سندھ کی جانب سے شرائط وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کی جائیں گی ، جے یو آئی کی جانب سے دونوں جماعتوں کے درمیان بلدیاتی اور آئندہ عام انتخابات میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی شرط رکھی جائے گی۔اس معاملے پر 31 اگست کو وزیر اعلی سندھ اور راشد محمود کی سربراہی میں قائم کمیٹیوں کے درمیان ملاقات ہوگی۔