کراچی(نیوزڈیسک)سابق صدرپرویزمشرف نئے الائنس کی تشکیل کے لئے متحریک ہوگئے مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کا کہناہے کہ مسلم لیگ کا گرینڈ الائنس بننے جارہا ہے۔ امن و امان کی صورت حال بہتر بنانے کے لیے پورے ملک میں سندھ جیسی کارروائیاں ہونی چاہئیں ۔ چودھری شجاعت حسین آج لاہور سے کراچی پہنچے تھے ۔ جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی آمد کا مقصد مسلم لیگیوں میں اعتماد کی فضا بحال کرنا ہے۔ چودھری شجاعت نے پیش گوئی کی کہ ایم کیو ایم کے استعفے واپس ہوجائیں گے۔چودھری شجاعت ائرپورٹ سے ڈیفنس میں ذوالفقار مرزا کے گھر پہنچے اور اُن کے والد کے انتقال پر تعزیت کی۔یہاں صحافیوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن ایک پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیا جارہا ہے۔ذوالفقار مرزا سے ملاقات کے بعد چودھری شجاعت حسین پیر پگارا کے گھر پہنچے ۔ ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پیر پگارا سے تمام معاملات پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام جماعتیں اپنےاندرچھپے ملزمان سےلاتعلقی کا اظہار کریں گی۔چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت فوج کے اقدامات کی مکمل حمایت کررہی ہے ۔ مسلم لیگ ق کے صدر کراچی کے دورے میں غوث علی شاہ اور سابق صدر پرویز مشرف سے بھی ملاقاتیں کریں گے ۔