تربت (آن لائن) تربت کے علاقے دہشت سے دو روز قبل اغواءکئے گئے 4 مزدوروں کی نعشیں ملی ہیں۔مزدور پاک چائنہ اقتصادی راہداری منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز تربت کے علاقے دشت میں میرانی ڈیم کے قریب سے 2 روز قبل دہشتگردوں کی جانب سے اغواءکئے گئے 4 مزدوروں کی نعشیں ملی ہیں۔ چاروں مزدور دوسرے صوبے سے بلوچستان مزدوری کی غرض سے آئے تھے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ چاروں مزدوروں کی نعشوں کو تربت ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انکا پوسٹ مارٹم مکمل کر کے نعشوں کو ان کے آبائی علاقوں میں بھیجا جائے گا۔ نعشوں کی برآمدگی کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے بھر کو گھیرے میں لے لیا اور ناکہ بندی کر کے قاتل اغواءکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور اس حوالے سے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشنز بھی کئے گئے ہیں۔