کوہاٹ(نیوزڈیسک) پولیس کے مطابق پشاور سے لکی مروت جانے والی مسافر کوچ نمبر پشاور 1502 مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے بری طرح ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار چار افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کوچ میں سوار بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے 12 مسافر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی مسافر کوچ مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے جس کے اندر کافی دیر تک مسافر پھنسے رہے تاہم بعد ازاں کوچ کی باڈی کو کاٹ کر جاں بحق اور زخمی افراد کو نکالنے کے بعد ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کے ڈی اے اور سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا جن میں زیادہ تر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کے بعد انڈس ہائی وے پر گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ شدید متاثر ہوا اور سڑک تاحال بند رہی جس سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ دونوں گاڑیوں کو کرین کے ذریعے ہٹانے کے لئے کارروائی جاری ہے۔ پولیس تھانہ جرما میں حادثے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ –