لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کے سیا سی مشیر اعجاز احمد چوہدری ، شبیر سیال اور نذ یر احمد چو ہان نے عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونےوالی کمی کے تناسب کی بجائے پاکستان میں آئندہ ماہ قیمتوں میں معمولی کمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیشن مافیا حکومت عوام سے ہر مد میں اپنا ” حصہ “ لینے کی روش ترک کرے ،کشکول اٹھائے پھرنے والی حکومت نے عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کے حصول کیلئے عوام پر آئندہ ماہ سے گیس بم گرانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے جسے مسترد کرتے ہیں۔اپنے مشترکہ بےان مےں رہنماوں نے کہا کہ حکومت عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والی کمی کا فائدہ عوام تک منتقل کرنے کی بجائے اپنے جیبوں میں ڈال رہی ہے ۔ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی کے تناسب سے پاکستان میں آئندہ ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میںکم از کم 30روپے فی لیٹر کمی ہونی چاہیے لیکن حکومت محض تین سے آٹھ روپے کمی کرنے جارہی ہے جسے مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی منڈی میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک منتقل کیا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشکوک توڑنے کی دعویدارحکومت نے اپنی فیکٹری کے لوہے سے مضبوط اور بڑا کشکول بنا لیا ہے اور عالمی مالیاتی اداروں سے قرض کے حصول کے لئے کڑی شرائط پر عملدرآمد کے لئے عوام کو زندہ درگور کیا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی گیس کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتی ہے اور اس کےخلاف اسمبلیوں کے اندر اور بارہ بھرپور آواز بلند کی جائے گی۔