لاہور(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے مسلم لیگ (ق) کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کو ٹاسک سونپ دیا ، اعجاز چوہدری کی قیادت میں وفد چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کر کے (ق) لیگ سے تعلق رکھنے والی سیاسی شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت بارے اپنے موقف سے آگاہ کرنے کے علاوہ مستقبل میں کسی غلط فہمی سے بچنے کیلئے لائحہ عمل طے کرے گا ۔ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے مرکزی رہنما چوہدری پرویزالٰہی کی طرف سے حالیہ دنوں میں یہ بیانات سامنے آئے تھے کہ پی ٹی آئی اپوزیشن کے لوگوں کو ٹکٹوں کا جھانسہ دے کر اپنے ساتھ شامل کر کے اپوزیشن کو کمزور کرنے کا باعث بن رہی ہے اور اس کے بعد (ق) لیگ نے پی ٹی آئی سے سیاسی تعاون ختم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا ۔ جس کے بعد پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے (ق) لیگ کے تحفظات دو رکرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اعجاز چوہدری کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اس سلسلہ میں چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کریں اور انہیں اصل صورتحال او رموقف سے آگاہ کرنے کے علاوہ مستقبل میں اس طرح کے کسی غلط فہمی سے بچنے کیلئے لائحہ عمل طے کیا جائے ۔